سورۃ النازعات (النازعات) - اردو ترجمہ

سُورَةُ النَّازِعَات

سورة النازعات — الملائكة التي تنزع بشدة

النازعات (زور سے کھینچنے والے)

السورة 79 · مكية · 46 آية

بِسْمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحْمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

اللہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان ہمیشہ رحم فرمانے والا ہے

النازعات 79:1

وَٱلنَّٰزِعَٰتِ غَرْقًۭا

ان (فرشتوں) کی قَسم جو (کافروں کی جان ان کے جسموں کے ایک ایک انگ میں سے) نہایت سختی سے کھینچ لاتے ہیں۔ (یا:- توانائی کی ان لہروں کی قَسم جو مادہ کے اندر گھس کر کیمیائی جوڑوں کو سختی سے توڑ پھوڑ دیتی ہیں)،

النازعات 79:2

وَٱلنَّٰشِطَٰتِ نَشْطًۭا

اور ان (فرشتوں) کی قَسم جو (مومنوں کی جان کے) بند نہایت نرمی سے کھول دیتے ہیں۔ (یا:- توانائی کی ان لہروں کی قَسم جو مادہ کے اندر سے کیمیائی جوڑوں کو نہایت نرمی اور آرام سے توڑ دیتی ہیں)،

النازعات 79:3

وَٱلسَّٰبِحَٰتِ سَبْحًۭا

اور ان (فرشتوں) کی قَسم جو (زمین و آسمان کے درمیان) تیزی سے تیرتے پھرتے ہیں۔ (یا:- توانائی کی ان لہروں کی قَسم جو آسمانی خلا و فضا میں بلا روک ٹوک چلتی پھرتی ہیں)،

النازعات 79:4

فَٱلسَّٰبِقَٰتِ سَبْقًۭا

پھر ان (فرشتوں) کی قَسم جو لپک کر (دوسروں سے) آگے بڑھ جاتے ہیں۔ (یا:- پھر توانائی کی ان لہروں کی قَسم جو رفتار، طاقت اور جاذبیت کے لحاظ سے دوسری لہروں پر سبقت لے جاتی ہیں)،

النازعات 79:5

فَٱلْمُدَبِّرَٰتِ أَمْرًۭا

پھر ان (فرشتوں) کی قَسم جو مختلف اُمور کی تدبیر کرتے ہیں۔ (یا:- پھر توانائی کی ان لہروں کی قَسم جو باہمی تعامل سے کائناتی نظام کی بقا کے لئے توازن و تدبیر قائم رکھتی ہیں)،

النازعات 79:6

يَوْمَ تَرْجُفُ ٱلرَّاجِفَةُ

(جب انہیں اس نظامِ کائنات کے درہم برہم کردینے کا حکم ہوگا تو) اس دن (کائنات کی) ہر متحرک چیز شدید حرکت میں آجائے گی،

النازعات 79:7

تَتْبَعُهَا ٱلرَّادِفَةُ

پیچھے آنے والا ایک اور زلزلہ اس کے پیچھے آئے گا،

النازعات 79:8

قُلُوبٌۭ يَوْمَئِذٍۢ وَاجِفَةٌ

اس دن (لوگوں کے) دل خوف و اضطراب سے دھڑکتے ہوں گے،

النازعات 79:9

أَبْصَٰرُهَا خَٰشِعَةٌۭ

ان کی آنکھیں (خوف و ہیبت سے) جھکی ہوں گی،

النازعات 79:10

يَقُولُونَ أَءِنَّا لَمَرْدُودُونَ فِى ٱلْحَافِرَةِ

(کفّار) کہتے ہیں: کیا ہم پہلی زندگی کی طرف پلٹائے جائیں گے،

النازعات 79:11

أَءِذَا كُنَّا عِظَٰمًۭا نَّخِرَةًۭ

کیا جب ہم بوسیدہ (کھوکھلی) ہڈیاں ہو جائیں گے (تب بھی زندہ کیے جائیں گے)،

النازعات 79:12

قَالُوا۟ تِلْكَ إِذًۭا كَرَّةٌ خَاسِرَةٌۭ

وہ کہتے ہیں: یہ (لوٹنا) تو اس وقت بڑے خسارے کا لوٹنا ہوگا،

النازعات 79:13

فَإِنَّمَا هِىَ زَجْرَةٌۭ وَٰحِدَةٌۭ

پھر تو یہ ایک ہی بار شدید ہیبت ناک آواز کے ساتھ (کائنات کے تمام اَجرام کا) پھٹ جانا ہوگا،

النازعات 79:14

فَإِذَا هُم بِٱلسَّاهِرَةِ

پھر وہ (سب لوگ) یکایک کھلے میدانِ (حشر) میں آموجود ہوں گے،

النازعات 79:15

هَلْ أَتَىٰكَ حَدِيثُ مُوسَىٰٓ

کیا آپ کے پاس موسٰی (علیہ السلام) کی خبر پہنچی ہے،

النازعات 79:16

إِذْ نَادَىٰهُ رَبُّهُۥ بِٱلْوَادِ ٱلْمُقَدَّسِ طُوًى

جب ان کے رب نے طوٰی کی مقدّس وادی میں انہیں پکارا تھا،

النازعات 79:17

ٱذْهَبْ إِلَىٰ فِرْعَوْنَ إِنَّهُۥ طَغَىٰ

(اور حکم دیا تھا کہ) فرعون کے پاس جاؤ وہ سرکش ہو گیا ہے،

النازعات 79:18

فَقُلْ هَل لَّكَ إِلَىٰٓ أَن تَزَكَّىٰ

پھر (اس سے) کہو: کیا تیری خواہش ہے کہ تو پاک ہو جائے،

النازعات 79:19

وَأَهْدِيَكَ إِلَىٰ رَبِّكَ فَتَخْشَىٰ

اور (کیا تو چاہتا ہے کہ) میں تیرے رب کی طرف تیری رہنمائی کروں تاکہ تو (اس سے) ڈرنے لگے،

النازعات 79:20

فَأَرَىٰهُ ٱلْءَايَةَ ٱلْكُبْرَىٰ

پھر موسٰی (علیہ السلام) نے اسے بڑی نشانی دکھائی،

النازعات 79:21

فَكَذَّبَ وَعَصَىٰ

تو اس نے جھٹلا دیا اور نافرمانی کی،

النازعات 79:22

ثُمَّ أَدْبَرَ يَسْعَىٰ

پھر وہ (حق سے) رُوگرداں ہو کر (موسٰی علیہ السلام کی مخالفت میں) سعی و کاوش کرنے لگا،

النازعات 79:23

فَحَشَرَ فَنَادَىٰ

پھر اس نے (لوگوں کو) جمع کیا اور پکارنے لگا،

النازعات 79:24

فَقَالَ أَنَا۠ رَبُّكُمُ ٱلْأَعْلَىٰ

پھر اس نے کہا: میں تمہارا سب سے بلند و بالا رب ہوں،

النازعات 79:25

فَأَخَذَهُ ٱللَّهُ نَكَالَ ٱلْءَاخِرَةِ وَٱلْأُولَىٰٓ

تو اللہ نے اسے آخرت اور دنیا کی (دوہری) سزا میں پکڑ لیا،

النازعات 79:26

إِنَّ فِى ذَٰلِكَ لَعِبْرَةًۭ لِّمَن يَخْشَىٰٓ

بیشک اس (واقعہ) میں اس شخص کے لئے بڑی عبرت ہے جو (اللہ سے) ڈرتا ہے،

النازعات 79:27

ءَأَنتُمْ أَشَدُّ خَلْقًا أَمِ ٱلسَّمَآءُ ۚ بَنَىٰهَا

کیا تمہارا پیدا کرنا زیادہ مشکل ہے یا (پوری) سماوی کائنات کا، جسے اس نے بنایا،

النازعات 79:28

رَفَعَ سَمْكَهَا فَسَوَّىٰهَا

اس نے آسمان کے تمام کرّوں (ستاروں) کو (فضائے بسیط میں پیدا کر کے) بلند کیا، پھر ان (کی ترکیب و تشکیل اور افعال و حرکات) میں اعتدال، توازن اور استحکام پیدا کر دیا،

النازعات 79:29

وَأَغْطَشَ لَيْلَهَا وَأَخْرَجَ ضُحَىٰهَا

اور اُسی نے آسمانی خلا کی رات کو (یعنی سارے خلائی ماحول کو مثلِ شب) تاریک بنایا، اور (اِس خلا سے) ان (ستاروں) کی روشنی (پیدا کر کے) نکالی،

النازعات 79:30

وَٱلْأَرْضَ بَعْدَ ذَٰلِكَ دَحَىٰهَآ

اور اُسی نے زمین کو اِس (ستارے: سورج کے وجود میں آجانے) کے بعد (اِس سے) الگ کر کے زور سے پھینک دیا (اور اِسے قابلِ رہائش بنانے کے لئے بچھا دیا)،

النازعات 79:31

أَخْرَجَ مِنْهَا مَآءَهَا وَمَرْعَىٰهَا

اسی نے زمین میں سے اس کا پانی (الگ) نکال لیا اور (بقیہ خشک قطعات میں) اس کی نباتات نکالیں،

النازعات 79:32

وَٱلْجِبَالَ أَرْسَىٰهَا

اور اسی نے (بعض مادوں کو باہم ملا کر) زمین سے محکم پہاڑوں کو ابھار دیا،

النازعات 79:33

مَتَٰعًۭا لَّكُمْ وَلِأَنْعَٰمِكُمْ

(یہ سب کچھ) تمہارے اور تمہارے چوپایوں کے فائدہ کے لئے (کیا)،

النازعات 79:34

فَإِذَا جَآءَتِ ٱلطَّآمَّةُ ٱلْكُبْرَىٰ

پھر اس وقت (کائنات کے) بڑھتے بڑھتے (اس کی انتہا پر) ہر چیز پر غالب آجانے والی بہت سخت آفتِ (قیامت) آئے گی،

النازعات 79:35

يَوْمَ يَتَذَكَّرُ ٱلْإِنسَٰنُ مَا سَعَىٰ

اُس دن انسان اپنی (ہر) کوشش و عمل کو یاد کرے گا،

النازعات 79:36

وَبُرِّزَتِ ٱلْجَحِيمُ لِمَن يَرَىٰ

اور ہر دیکھنے والے کے لئے دوزخ ظاہر کر دی جائے گی،

النازعات 79:37

فَأَمَّا مَن طَغَىٰ

پھر جس شخص نے سرکشی کی ہوگی،

النازعات 79:38

وَءَاثَرَ ٱلْحَيَوٰةَ ٱلدُّنْيَا

اور دنیاوی زندگی کو (آخرت پر) ترجیح دی ہوگی،

النازعات 79:39

فَإِنَّ ٱلْجَحِيمَ هِىَ ٱلْمَأْوَىٰ

تو بیشک دوزخ ہی (اُس کا) ٹھکانا ہوگا،

النازعات 79:40

وَأَمَّا مَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهِۦ وَنَهَى ٱلنَّفْسَ عَنِ ٱلْهَوَىٰ

اور جو شخص اپنے رب کے حضور کھڑا ہونے سے ڈرتا رہا اور اُس نے (اپنے) نفس کو (بری) خواہشات و شہوات سے باز رکھا،

النازعات 79:41

فَإِنَّ ٱلْجَنَّةَ هِىَ ٱلْمَأْوَىٰ

تو بیشک جنت ہی (اُس کا) ٹھکانا ہوگا،

النازعات 79:42

يَسْـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلسَّاعَةِ أَيَّانَ مُرْسَىٰهَا

(کفّار) آپ سے قیامت کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہوگا،

النازعات 79:43

فِيمَ أَنتَ مِن ذِكْرَىٰهَآ

تو آپ کو اس کے (وقت کے) ذکر سے کیا غرض،

النازعات 79:44

إِلَىٰ رَبِّكَ مُنتَهَىٰهَآ

اس کی انتہا تو آپ کے رب تک ہے (یعنی ابتداء کی طرح انتہاء میں بھی صرف وحدت رہ جائے گی)،

النازعات 79:45

إِنَّمَآ أَنتَ مُنذِرُ مَن يَخْشَىٰهَا

آپ تو محض اس شخص کو ڈر سنانے والے ہیں جو اس سے خائف ہے،

النازعات 79:46

كَأَنَّهُمْ يَوْمَ يَرَوْنَهَا لَمْ يَلْبَثُوٓا۟ إِلَّا عَشِيَّةً أَوْ ضُحَىٰهَا

گویا وہ جس دن اسے دیکھ لیں گے تو (یہ خیال کریں گے کہ) وہ (دنیا میں) ایک شام یا اس کی صبح کے سوا ٹھہرے ہی نہ تھے،

الترجمة الأردية: عرفان القرآن، الدكتور محمد طاهر القادري. النص العربي: Tanzil.net