Manzil | تیسری منزل
حصہ اول › باب 4: وظائف النسبۃ المحمدیہ ﷺ
تیسری منزل
صاف ستھرے کپڑے پہن کر اور خوشبو لگا کر نمازِ عشاء پڑھیں، اِس کے بعد سونے سے قبل تازہ وضو کرکے مصلیٰ پر مدینہ منورہ کی طرف رُخ کرکے بیٹھیں اور آنکھیں بند کرکے مراقبہ میں حضور ﷺ کا تصور سفید شفاف لباس، سبز عمامہ مبارک اور نہایت منور چہرہ اقدس کی صورت میں جمائیں اگر یہ تصور قائم نہ ہو سکے تو قبرِ انور یا جالی مبارک کا تصور جما لیں اور اسی کا مراقبہ کریں، پھر درج ذیل وظیفہ کریں:
سینے کی دائیں جانب
اَلصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللهِ
سینے کی بائیں جانب
اَلصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلَیْکَ یَا نَبِیَّ اللهِ
اور درمیان میں دل کے مقام پر
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَا حَبِیْبَ اللهِ
یہ تینوں ملا کر ایک وظیفہ ہے۔
اس وظیفہ کا عدد ایک سو (100) مرتبہ روزانہ ہے۔
اس سے زیادہ بار پڑھنے کی صورت میں شمار کرنے کی ضرورت نہیں۔
ز یہ وِرد خفی آواز سے ضرب لگا کر کریں۔ دیر تک متواتر اِسی عمل کو اِنہماک اور محبت سے جاری رکھیں۔ اِختتام پر سو (100) مرتبہ درج ذیل صیغہ کے ساتھ درود شریف پڑھیں:
اللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ عَبْدِکَ وَ رَسُوْلِکَ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَ عَلٰی اٰلِهٖ وَ صَحْبِهٖ وَ بَارِکْ وَسَلِّمْ
پھر حالتِ طہارت میں ہی سوتے وقت 21 مرتبہ سورۃ النصر:
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اِذَآ جَآءَ نَصْرُ اللهِ وَ الْفَتْحُ وَ رَاَیْتَ النَّاسَ یَدْخُلُوْنَ فِیْ دِیْنِ اللهِ اَفْوَاجًا فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَ اسْتَغْفِرْهُ ط اِنَّہٗ کَانَ تَوَّابًا
مکمل پڑھیں اور آپ ﷺ کے جمال مبارک کا تصور کرکے پھر تین مرتبہ
اَلصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللهِ
وَ عَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحَابِکَ یَا حَبِیْبَ اللهِ
پڑھ کر اپنی دا ہنی ہتھیلی پر دم کریں، اسے سر کے نیچے رکھیں اور قبلہ رُخ سو جائیں۔
یہ وظیفہ پیر کی رات کو شروع کریں اور کم از کم چالیس (40)راتیں جاری رکھیں۔ بعدازاں حسبِ سہولت پیر کی شب یا جمعہ کی شب دو میں سے کسی ایک کا ہفتہ وارمعمول بنا لیں۔ اگلی اجازت تک اس منزل کو پابندی کے ساتھ جاری رکھیں اور ناغہ نہ ہونے دیں۔
اِس وظیفہ کو نہایت محبت، ادب، اخلاص اور انہماک سے جاری رکھیں۔ اِنشاء اللہ نسبتِ محمدی ﷺ اور زیارت نبوی ﷺ کی خیرات نصیب ہوگی اور کثیر روحانی فیوضات، توجہات اور برکات عطا ہوں گی۔
نوٹ: اس وظیفہ میں عدد جس قدر زیادہ ہو گا اس قدر فائدہ بھی زیادہ ہو گا۔
Keywords: manzil, stage, nisbat e muhammadi, durood
Source: Al-Fuyudat al-Muhammadiyya, Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri (Minhaj Books)